فیصل آباد میں پاک فوج سے اظہارِ یکجہتی کیلئے ریلی، معرکۂ حق کی کامیابی پر خراجِ تحسین
27 April 2026
فیصل آباد میں معرکۂ حق کی ایک سالہ تقریبات کے سلسلے میں پاک فوج سے اظہارِ یکجہتی کیلئے ایک بڑی ریلی نکالی گئی۔ ریلی ضلع کونسل سے شروع ہو کر کچہری چوک پر اختتام پذیر ہوئی۔
ریلی میں کمشنر، ڈپٹی کمشنر، ڈی جی ایف ڈی اے سمیت دیگر اعلیٰ سرکاری افسران اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شرکاء نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر پاک فوج کے حق میں نعرے درج تھے۔
اس موقع پر شرکاء نے پاک فوج کو معرکۂ حق میں کامیابی پر زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔ مقررین کا کہنا تھا کہ پاک فوج نے ہمیشہ ملک کی سلامتی اور دفاع کیلئے بے مثال قربانیاں دی ہیں اور معرکۂ حق میں کامیابی حاصل کر کے پاکستان کا نام روشن کیا ہے۔
شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پوری قوم ہر مشکل وقت میں اپنی افواج کے ساتھ کھڑی ہے اور ملکی استحکام و سلامتی کیلئے متحد رہے گی۔