سی سی ڈی کا مبینہ پولیس مقابلہ، ایک ڈاکو ہلاک
سیاست

سی سی ڈی کا مبینہ پولیس مقابلہ، ایک ڈاکو ہلاک

22 April 2026

فیصل آباد میں سی سی ڈی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ایک خطرناک ملزم کو ہلاک کر دیا۔

ترجمان سی سی ڈی کے مطابق انسپکٹر اقبال خان اور ایس آئی علی اکرم نے ٹیم کے ہمراہ کارروائی کی۔ پولیس پارٹی جب چک نمبر 65 ج ب سے 64 ج ب کی جانب جا رہی تھی تو تین موٹر سائیکلوں پر سوار نامعلوم افراد نے انہیں دیکھ کر فائرنگ شروع کر دی۔

پولیس نے حفاظتی اقدامات کے تحت جوابی فائرنگ کی، جس کے دوران ملزمان فصلوں میں چھپ گئے اور اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فائرنگ کا تبادلہ جاری رکھا۔ مقابلے کے دوران ایک ملزم اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے زخمی ہو گیا جبکہ دیگر فرار ہو گئے۔

زخمی ملزم کو تشویشناک حالت میں الائیڈ ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ ہلاک ہونے والے ملزم کی شناخت غلام مرتضیٰ ولد عاشق حسین کے نام سے ہوئی ہے، جو چک نمبر 323 ج ب کا رہائشی تھا۔

پولیس کے مطابق ہلاک ملزم ریکارڈ یافتہ تھا اور اس کے خلاف 25 سے زائد مقدمات درج تھے، جن میں مقدمہ نمبر 465/22 اور 392/411/34 شامل ہیں۔ پولیس نے فرار ملزمان کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔