فیصل آباد جی سی ویمن یونیورسٹی میں عالمی یومِ کتاب کی مناسبت سے آگاہی سیشن اور واک کا انعقاد
ثقافت اور تہوار

فیصل آباد جی سی ویمن یونیورسٹی میں عالمی یومِ کتاب کی مناسبت سے آگاہی سیشن اور واک کا انعقاد

23 April 2026

گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی فیصل آباد (GCWUF) میں عالمی یومِ کتاب کے موقع پر ایک معلوماتی سیشن کا انعقاد کیا گیا جس کا مقصد طلبہ میں مطالعہ کا رجحان فروغ دینا تھا۔ یہ تقریب لرننگ ریسورس سینٹر اور سوسائٹی فار ریڈنگ اینڈ نالج کے باہمی اشتراک سے منعقد کی گئی۔

تقریب کے مہمانِ خصوصی معروف شاعر، آرٹسٹ اور کاروباری شخصیت عدنان بیگ تھے۔ اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ آرٹ اور کتاب بینی کا آپس میں گہرا تعلق ہے اور کتابیں انسانی شعور اور شخصیت سازی میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔

کنوینئر لائبریری ڈاکٹر صائمہ نے کہا کہ مطالعہ ذہنی نشوونما اور تنقیدی سوچ کو فروغ دیتا ہے، جبکہ اس طرح کی سرگرمیاں طلبہ کو علم کے حصول کی طرف راغب کرنے میں مددگار ثابت ہوتی ہیں۔

منتظمین رانا محمد عابد اور لائبریرین مصباح بشیر نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کتاب پڑھنے کی عادت کردار سازی اور ذاتی ترقی کے لیے ناگزیر ہے۔ مصباح بشیر نے طالبات پر زور دیا کہ وہ باقاعدگی سے مطالعہ کو اپنی عادت بنائیں تاکہ اپنے علم کے دائرہ کار کو وسیع کر سکیں۔

اس موقع پر کتاب بینی کی اہمیت اجاگر کرنے کے لیے آگاہی واک بھی منعقد کی گئی جس میں طلبہ اور اساتذہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

تقریب کے اختتام پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ ڈیجیٹل دور میں طلبہ اور کتاب کے درمیان تعلق کو مزید مضبوط بنایا جائے گا اور بالخصوص طالبات میں کتاب دوست کلچر کو فروغ دیا جائے گا۔